منی بجٹ کی خبروں نے عوام کی نیندیں حرام کردیں, جاوید قصوری

670
مولانا ہدایت الرحمن کی گرفتاری قابل مذمت، فی الفور رہا کیا جائے،جاوید قصوری

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منی بجٹ کی خبروں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ملک دیوالیہ ہو چکا ہے ۔ دوست ممالک بھی حکومت پاکستان کو غیر مشروط قرض دینے سے کتراتے ہیں۔

ملک کے اندر مہنگائی کی شرح 32فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ہر چیز کی قیمت کو پر لگ گے ہیں۔آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو منظر عام پر لایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام لاہور میں مہنگائی مارچ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نجانے کس خاموش انقلاب کی بات کررہے ہیں ۔

یہاں تو غریب عوام کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ امیر پہلے سے زیادہ امیر ترین اور غریب پہلے سے زیادہ غریب ہوچکے ہیں۔ چند ڈالروں کی خاطر پورے ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کردیا گیا ہے۔ موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کیے بغیر عوام کو سکھ کا سانس نہیں آسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کی حکومتوں نے نا اہلیت میں ماضی کی تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ ان کے پاس اہلیت و صلاحیت اور وژن نام کی کوئی چیز نہیں۔ حالات دن بدن دگرگوں ہوتے چلے جارہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔

صرف جماعت اسلامی ہی ایک ایسی پارٹی ہے کہ جس نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بات کی ہے اور ان شاء اللہ ہم آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کراچی میں کامیابی کا جو سفر شروع ہوا ہے ان شاء اللہ اس کے اثرات جلد پنجاب اور پورے پاکستان میں نظر آئیں گے.