ایک ہزار سال بعد نیا چاند کل زمین کے انتہائی قریب آئے گا

677

اسلام آباد: ایک ہزار سال بعد نیا چاند کل زمین کے انتہائی قریب آئے گا،ہفتہ 21 جنوری 2023 کو نیا چاند زمین سے 356,568 کلومیٹر دور ہوگا،نیا چاند 992 سالوں میں پہلی بار 21 جنوری 2023 کو زمین کے قریب ترین آئے گا۔

رپورٹ کے مطابق ہفتہ 21 جنوری 2023 کو نیا چاند زمین سے 356,568 کلومیٹر دور ہوگا، یہ سال 1030 کے بعد سے زمین کے قریب ترین آئے گا جسے 22 جنوری 2022 بروز اتوار جنوب مغرب میں غروب آفتاب کے بعد بہترین طور پر دیکھا جائے گا۔

ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق نئے چاند کو آخری بار زمین سے اتنا قریب 3 دسمبر 1030 کو دیکھا گیا تھا اور اگلا نیا چاند 20 جنوری 2368 کو زمین کے اتنا قریب آئے گا۔

چاند صدیوں بعد اتنا قریب کیوں آ رہا ہے؟

 تو جواب یہ ہے کہ چاند زمین کے گرد یکساں دائرے میں نہیں گھوم رہا ہے۔چاند کا مدار بیضوی ہے اس لیے چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ ہر ماہ بتدریج تبدیل ہوتا رہتا ہے۔چاند کے مدار میں وہ نقطہ جہاں چاند زمین کے سب سے قریب آتا ہے اسے پیریجی کہتے ہیں جبکہ سب سے دور نقطہ کو اپوجی کہتے ہیں۔