کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین کو دھماکے سے اُڑانے کی کوشش

693

سبی: بلوچستان میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سبی میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا، جس میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔

محکمہ ریلوے کے حکام نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے بعد مچھ، سبی ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔

ضلعی حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 مسافر زخمی ہوئے ہیں جب کہ انجن سمیت8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے جعفر ایکسپریس کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعی کی مذمت کرتے ہوئے مسافروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کچھی اور سبی کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو اسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔