گوگل کا 12 ہزارملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

616
podcast service

کیلفورنیا: گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے بھی 12,000 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گوگل اور الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے ایک ای میل میں ملازمین کو کمپنی میں ڈاون سائزنگ کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کٹوتیوں سے دنیا بھر میں الفابیٹ کی 6 فیصد افرادی قوت متاثر ہوگی۔

سندر پچائی نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہم نے کمپنی کو آگے بڑھتے بھی دیکھا اور متعدد افراد کو بھرتی بھی کیا مگر اب حالات مختلف ہیں، وہ ان فیصلوں کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں جو موجودہ خراب حالات کا باعث بنے۔

گوگل کا یہ اقدام مائیکرو سافٹ اور ایمازون کی جانب سے مجموعی طور پر 28 ہزار ملازمین کو نکالنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، گزشتہ دنوں ہی مائیکروسافٹ نے 10,000 اور ایمازون نے 18,000 ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیک سائٹ Layoffs.fyi کے مطابق 2022 کے آغاز سے ابتک ٹیکنالوجی انڈسٹری سے وابستہ ایک لاکھ 94 ہزار ملازمین صرف امریکا میں اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔