کراچی میں شدید سردی کی نئی لہر، درجہ حرارت 5 ڈگری تک جانے کا امکان

613

کراچی: شہر قائد میں شدید سردی کی نئی لہر کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت 5 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع میں اتوار اور کراچی میں پیر سےسردی کی شدت بڑھے گی جب کہ جمعہ کے روز کراچی میں کم سے کم پارہ 14 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 25.2 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں اور بلوچستان کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی اور صبح کے وقت ہلکی دھند کے سبب حد نگاہ 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔

صوبہ سندھ میں 22 جنوری سے سردی کی ایک نئی لہر آنے کا امکان ہے اور بالائی سندھ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 4 سے6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی شدت پیر سے بڑھنے کا امکان ہے جس کے دوران کم سے کم پارہ 5 ڈگری تک گرسکتا ہے اور شہر میں مغربی ہواؤں کے زیراثر بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ سردی کی لہر کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کی 3 روزہ پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر بلوچستان کی شمال مشرقی اور مشرقی ہواؤں کے زیراثر رہ سکتا ہے اور اس دوران مطلع سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے،آج (ہفتے) کو کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری جبکہ اتوار کو کم سے کم  پارہ 9 سے  11 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔