مزید ٹیکسوں کی منظوری عوام کا معاشی قتل ہے، ضیا انصاری

395

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی رواں سال150 سے 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عوام پر لگانے کی منظوری عوام کا معاشی قتل ہے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ  گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور منی بجٹ لانے سمیت کئی ظالمانہ فیصلے عوام دشمنی ہوگی، جس کی جماعت اسلامی پر زور مذمت کرتی ہے۔  ایسا لگ رہا ہے جیسے حکمرانوں نے مل کر ملک وقوم معاشی، سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کی بجائے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور مستقبل میں عوام پر مہنگائی کے بم گرانے کی تیاریاں کی جارہی ہے۔ملک میں واحد پارٹی جماعت اسلامی ہے جو عوام کے حقوق کی جنگ  اقتدار کے ایوانوں، عدالتوں اور ہر فورم پرلڑرہی ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  اہل لاہور کمرتوڑ مہنگائی اورحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 21 جنوری کو گھروں سے باہر نکلیں۔سراج الحق کی قیادت میں مسجد شہدا تا پنجاب اسمبلی ہال تک مہنگائی، بے روزگاری اور آٹا چکن، انڈے، دالیں، چاول  سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف عظیم الشان ”مہنگائی مارچ ” کریں گے۔