پختونخوا: ضلع خیبر میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 پولیس اہلکار شہید

905
North Waziristan

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک خودکش حملے میں پولیس کے 3 اہل کار شہید ہو گئے، ذرائع کے مطابق حملہ ضلع خیبر کے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر کیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد نے پولیس کی چیک پوسٹ پر پہلے دستی بم پھینکے اور اس کے بعد گولیاں چلا دیں۔ بعد میں دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔۔

حملے اور دھماکے میں تین پولیس اہلکار شہید ، جن کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء اور دیگر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، پولیس کے الرٹ رہنے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں کے پی کے کے ضلع خیبر کے علاقے مسلم ڈھنڈ میں دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ کیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔