اسٹیٹ بینک کی بینکوں کو مساجد کے اکانٹس کھلوانے کی ہدایت

336

کراچی:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو مساجد کے اکاونٹس کھلوانے کی ہدایت کردی ہے۔

 مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد مساجد کے 5 روز میں اکانٹس کھولے جائیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری سرکلر میں تمام بینک سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مساجد کے اکانٹس کھلوانے میں امتیازی سلوک ختم کیا جائے اور این جی اوز، ٹرسٹ یا دیگر ضروری کوائف پورے ہونے کے بعد عبادت گاہوں کے بینک اکانٹس کھولے جائیں۔

اس ضمن میں مرکزی بینک کے اینٹی منی لانڈرنگ، کومبیٹنگ دی فنانس آف ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ دستاویزات پوری ہونے کے بعد 5 روز کے اندر مساجد کے بینک اکانٹس کھولے جائیں۔

سرکلر میں مساجد کے ساتھ دینی مدارس کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ مساجد کے ساتھ مدارس ہوتے ہیں اور مدارس کے ساتھ مساجد اس لئے مساجد کے بینک اکانٹس کھلوانے پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم ہونے کا اطلاق مدارس پر بھی ہوسکے گا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مساجد کے بینک اکانٹس نہ کھلوانا ملکی آبادی کی زیادہ سے زیادہ بینکاری میں شمولیت کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔

ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سخت پابندیوں اور مانیٹرنگ کی وجہ سے مساجد اور دینی مدارس کے بینک اکانٹ نہیں کھولے جارہے تھے جبکہ بیشتر مدارس، مساجد اور فلاحی اداروں کے بینک اکانٹ بھی بند کئے گئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔