اقتدار کی ہوس پرست جماعتیں انتخابات کو دھاندلی زدہ کرتی ہیں،لیاقت بلوچ

354

لاہور:نائب امیر جماعتِ اسلامی صدر مجلسِ قائمہ سیاسی، انتخابی، قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مقتدر اور اقتدار کی ہوس پرست جماعتیں انتخابات کو دھاندلی زدہ کرتی ہیں،عوامی مینڈیٹ کے تقدس کو پامال کرکے جمہوریت، انتخابات اور پارلیمانی نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتی ہیں ۔

لاہور میں خواتین کے احتجاج اور منصورہ میں سیاسی انتخابی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہوسِ اقتدار میں حکومت، الیکشن کمیشن کو استعمال کیا جاتا ہے،عملًا پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیاں بن جاتی ہیں۔ کراچی میں پی پی پی او رپی ٹی آئی کے مقابلہ پر جماعتِ اسلامی نمبر ون پارٹی ہے لیکن کراچی کے عوامی مینڈیٹ پر زبردستی قبضہ کرنے کے لیے عوامی مینڈیٹ کا نقدس پامال کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی کی جیت کو 10 نشستوں پر نتائج تبدیل کرکے اپنی جعلی برتری لائی جارہی ہے۔ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، سید مراد علی شاہ اور سعید غنی تسلیم کرلیں کہ کراچی کی میئرشپ پر زبردستی قبضہ کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ۔ کراچی کی میئرشپ جماعتِ اسلامی کا حق ہے۔ عوام نے اعتماد کیا ہے، پی پی پی غلطیاں اور زور زبردستی بند کرے اور کراچی کے گھمبیر مسائل حل کرنے کے لیے عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والی جماعتوں میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے فرض ادا کرے۔ جماعتِ اسلامی کی قیادت اور منظم مہم کراچی کے کینسر زدہ مسائل کو حل کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ اتحادی حکومت اقتصادی حالات کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ قرضوں، امداد اور بھیک سے پہلے بھی مسائل حل نہیں ہوئے، آئندہ بھی نہیں ہونگے۔ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی بڑھتی سخت ترین شرائط عوام کا مزید کچومر نکال دیں گے۔ اقتصادی بحران کے خاتمہ کے لیے تمام جماعتوں اور قومی قیادت کو قومی ترجیح کی بنیاد پر قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا، وگرنہ مہنگائی، بے روزگاری زدہ عوام کا لاوہ پھٹے گا، قومی سلامتی کے لیے خطرات مزید بڑھ جائیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ امیدواران کا انتخابی نشان ترازو ہوگا۔ صوبائی اور مرکزی پارلیمانی بورڈز نے فیصلے کرلیے ہیں۔ صوبائی حلقہ جات میں ورکرز کنونشن اور انتخابی مہم شروع کردی گئی ۔ بلوچستان حق دو تحریک کے رہنمائوں اور کارکنان کو رہا کیا جائے۔