آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، صدر مملکت

294

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیٹا اور معلومات 21ویں صدی کا نیا سونا ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ  پاکستان میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور فیصلہ سازوں کو ملک میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے لئے فوری طور پر درست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے اپنی برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور آئی ٹی سیکٹر میں نسبتا مختصر مدت میں برآمدات میں تیز رفتار ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل ہیلتھ نے زیادہ اہمیت حاصل کر لی ہے، یہ ضروری ہے کہ ہم انسانی مصائب کو کم کرنے اور صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر توجہ دیں، مصنوعی ذہانت اور امیج اینڈ پیٹرن ریکگنیشن سافٹ ویئر میں ہونے والی پیشرفت مختلف بیماریوں کی بہتر تشخیص میں مدد کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ، آن لائن فارمیسی، آن لائن لیبز، پریکٹس مینجمنٹ سافٹ ویئر اوردیگر آلات نے نہ صرف صحت کی دیکھ بھال کو ہم سب کے لئے قابل رسائی بنایا ہے بلکہ پاکستان میں کاروباری برادری کے لئے اقتصادی راہیں بھی پیدا کی ہیں۔