سی پی این ای کی صحافی شاہد اسلم کی گرفتاری کی مذمت

291

کراچی:کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)نے ایف آئی اے کی جانب سے صحافی شاہد اسلم کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافی کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کے صحافیوں کو چھاپہ مار کارروائیوں کے ذریعے بغیر وارنٹ گرفتار کرنا انتہائی تشویشناک عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافی کا بنیادی فریضہ اطلاعات کی عوام تک رسائی ہے اور تحقیقاتی صحافت کوئی جرم نہیں ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں سابقہ حکمرانوں کی روش پر عمل پیرا ہے۔ گزشتہ 9 ماہ کے دوران صحافیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم ہوئے اور جھوٹی ایف آئی آرز کے ذریعے صحافیوں کی زبان بندی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

 انہوں نے صحافی شاہد اسلم کو فوری رہا کرنے اور حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت انتہائی اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔