شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر غلطی کی گئی، عاقب جاوید

414
 شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر غلطی کی گئی، عاقب جاوید

 لاہور:سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید شان مسعود کو نائب کپتان بنانا غلط فیصلہ قرار دیدیا، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے عاقب جاوید نے کہا کہ اگلے 8ماہ میں تو ٹیسٹ نہیں ، یہ سب ایجنڈا کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے اور پراپیگنڈہ ہے، یہ بات درست ہے کہ تینوں فارمیٹ کو ایک ساتھ لے کر چلنا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان اور کوچز کے لیے مشکل ہوتا ہے لیکن اس سلسلے میں پہلے تیاری تو کر لیں، ابھی ہم سے ایک ٹیم پوری نہیں ہوتی اور ہم الگ الگ ٹیموں کی بات ہو رہی ہے، یہ سب نئی مینجمنٹ کمیٹی کی سوچ نہیں، دوسرے لوگوں کی خواہش ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نئی مینجمنٹ کمیٹی کو پول آف پلیئرزبڑھانے پر کام کرنا ہوگا، ابھی ہم ہر فارمیٹ کے الگ کپتان بنانے کے لیے تیار نہیں ہیں، کبھی ہم آسٹریلیا بننا چاہتے ہیں تو کبھی ہم انگلینڈ بننا چاہتے ہیں ، پہلے ان کی کامیابی کی کہانی سے تو سیکھو۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کو 2015کے ورلڈکپ میں جو آسٹریلیا میں ہوا وہاں برے طریقے سے شکست ہوئی لیکن اس کے بعد انہوں نے ایک پلان بنایا اور اس پر عمل کیا، برینڈن میکلم نے اس کو اور جدید بنا دیا جس انداز کی اب وہ کرکٹ کھیل رہے ہیں وہ اب روایتی کرکٹ تو رہی نہیں، ہمیں پہلے ہوم ورک کرنا ہے پھر کچھ فیصلے کرنا ہوں گے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھاکہ یہ اچھی بات ہے کہ سرفراز احمد کی واپسی ہوئی اور پرفارم کیا لیکن یہ تھوڑی ہوتا ہے کہ دو ٹیسٹ کھیلو اور سارے نظام میں تھرتھلی ڈال دو،عاقب جاوید نے کہا کہ شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر غلطی کی گئی، یہ ہونا نہیں چاہیے تھا، شاداب خان وائٹ بال کرکٹ کے نائب کپتان ہیں اگر وہ انجرڈ ہے تو پھر آپ کو نائب کپتان کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

بابر اعظم کو اگر کسی وجہ سے گرانڈ سے باہر جانا پڑتا ہے تو کوئی سینئر ذمہ داری سنبھال لے جیسا کہ ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد نے ذمہ داری سنبھالی، اگر سرفراز ٹیم میں ہے تو وہ سنبھال لے ورنہ محمد رضوان سنبھال لیتا، شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر اچھا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود کو نائب کپتان بنانے سے لگتا ہے کہ بابر اعظم اور بورڈ آن بورڈ نہیں، کپتان کے ارد گرد سب چلتا ہے، اس نے پلان کرنا اور اسی نے گرائونڈ میں ٹیم کو کھلانا ہے، اس لیے کپتان کے ساتھ آن بورڈ ہونا چاہیے ،عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے ایک دو چیزیں اچھی کی ہیں ، سرفراز احمد کو واپس لائے ، ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو لائے، ان کے بارے میں کچھ کہنے کے لیے وقت دینا ہو گا۔