سپریم کورٹ: اعلیٰ عدلیہ کے ججوں  کی مراعات کم کرنے کی درخواست پر اعتراضات

343
Supreme Court

اسلام آباد: رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی مراعات میں کٹوتی کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر اعتراضات عائد کرکے واپس کردی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملکی معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں  کی مراعات میں کٹوتی کرنے کی درخواست پر سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 9 اعتراضات عائد کردیے، جن میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 248 کے تحت صدر مملکت کو درخواست میں فریق نہیں بنایا جا سکتا۔

اعتراضات میں مزید کہا گیا ہے کہ انفرادی شکایت پر آئین کا آرٹیکل 184(3) کا اختیار استعمال نہیں کیا جا سکتا۔درخواست کا پیراگراف 1 غیر متعلقہ ہے۔ درخواست کی زبان مبہم اور درخواست کا مواد بے ربط ہے۔ درخواست میں عوامی مفاد کے نکتے کی نشان دہی بھی نہیں کی گئی۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا ہے کہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم کے بجائے براہِ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ درخواست میں آرٹیکل 184(3) کے استعمال کے لیے متعلقہ مواد موجود نہیں۔