پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ: کھیل کے چوتھے روز پاکستان کے 2 کھلاڑی آؤٹ

914

کراچی: نیوزی لینڈ نے کراچی ٹیسٹ میچ میں دوسری اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے شروع ہی میں 2 وکٹیں گنوادیں۔

نیشنل بینک کرکٹ ارینا (نیشنل اسٹیڈیم کراچی) میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی۔قومی  ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی 2 وکٹیں صفر پر گرگئیں۔

ٹم ساؤتھی نے عبداللہ شفیق کو اور اِش سودھی نے میر حمزہ کو آؤٹ کیا، جس کے بعد پاکستان کو جیت کےلیے 319 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل کھیل کے آغاز پر قومی ٹیم محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی۔ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔

بعد میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمے دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل  74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔