پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کا شیڈول تیار، پہلا میچ 13فروری کو ہو گا

516

لاہور :پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز 13 فروری سے ہو گا جبکہ فائنل 19مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل 8کیلئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 8فروری سے شروع ہوجائے گا جبکہ 9، 10، 11اور 12فروری کو پریکٹس سیشن ہوں گے، 13فروری کو پہلا میچ ملتان، دوسرا 14 فروری کو کراچی میں ہوگا۔

بدھ 15فروری کو ملتان، 16فروری کو کراچی، 17فروری کو پھر ملتان، 18فروری کو پھر کراچی اور 19فروری کو کراچی اور ملتان میں میچ ہوں گے، 20اور 21فروری کو کراچی، 22فروری کو ملتان جبکہ 23اور 24فروری کو پی ایس ایل کے گیارویں اور بارویں میچ کراچی میں ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق ہفتہ 25فروری آرام کا دن ہے جس کے اگلے روز 26فروری کو کراچی اور لاہور میں میچز ہوں گے جبکہ 27فروری کو میچ لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے،28فروری کو پھر آرام دیا گیا ہے۔

 یکم اور 3مارچ کو راولپنڈی، 2اور 4مارچ کو لاہور میں میچ کھیلے جائیں گے5سے 11مارچ تک بلاناغہ میچز راولپنڈی میں شیڈول کیے گئے ہیں جن میں 7 مارچ کو راولپنڈی میں دو میچ ہوں گے، 12 مارچ کو لاہور اور راولپنڈی میں میچ ہوں گے،13اور 14 مارچ آرام کے دن ہوں گے جبکہ بدھ 15مارچ لاہور میں پلے آف کیلئے مختص ہے۔

 شیڈول کے مطابق پاکستان سپر لیگ 2023کا فائنل میچ اتوار 19مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔