قومی اہمیت کے حامل اقدامات پر عملدرآمد ملک کی ترقی کا ضامن ہے، صدر مملکت

412

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک گیر اتفاق رائے پر مبنی، جامع اور ہمہ جہت بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ کی حکمت عملی شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اہمیت کے اقدامات پر عملدرآمد کی رفتار بڑھا کر پاکستان تیز ی سے ترقی کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  توانائی کی بچت کیلئے شام کے اوقات میں بازاروں اور کاروباروں کو بند کرنے کے وقت اور طریقہ کار کے تعین کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ اور استعمال کرنے، چھتوں کو سولرائز کرنے اور چھتوں پر باغبانی کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

عارف علوی  نے ایندھن سے چلنے والی بائک کی جگہ ای بائک کے استعمال کی ترغیب دینے کے خیال کو بھی سراہا تے ہوئے کہاکہ  ای بائیکس کے فروغ سے نہ صرف موٹر سائیکل مالک کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ایندھن کے درآمدی بل میں بھی کافی حد تک کمی آئے گی، پانی کی قیمتوں کے تعین کیلئے پاکستان بھر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے۔