ٹیسٹ سیریز کا دوسرا روز: نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف 165 رنز بنالیے

926

 کراچی: ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں دوسرے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ جواب میں کیوی ٹیم نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان 165 رنز بنا لیے۔

مہمان ٹیم کے اوپنرز بلے بازوں نے کھیل کا شاندار آغاز کیا۔ ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور اسپن بولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔

اس سے پہلے پاکستان نے 317 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی تاہم نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔

آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیوی کپتان ٹم ساوتھی نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ اش سودھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر نیل واگنر ایک ہی وکٹ لے سکے۔