پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ: پاکستان نے پہلے دن 5 وکٹوں پر 317 رنز بنا لیے

735

کراچی: پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کے پہلے روز پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا ہی میں اسے 3 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 48 رنز تھا۔ بعد ازاں 110 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی، جس کے بعد کپتان بابر اعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم ذمے دارانہ بیٹنگ کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 200 سے زائد رنز بنائے گئے۔ بابر اعظم 161 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7، شان مسعود 3، امام الحق 24 اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اعجاز پٹیل اور بریسویل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں میچ میں قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔