مسلم لیگ ن نے پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی

696

لاہور: ن لیگ کی جانب سے چودھری پرویز الٰہی کے خلاف جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد واپس لے لی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی اسمبلی میں لیگی چیف وہپ خلیل طاہر سندھو اور دیگر نے اپنے دستخط سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد واپس لینے کے لیے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو درخواست دے دی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کے 22 دسمبر کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے بعد وزیراعلیٰ اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہے، لہٰذا ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کی اب ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آج تحریک عدم اعتماد ایوان میں پیش کی جانی تھی۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے 19 دسمبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب،  اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی ۔