ایک شخص نے ہمارے ساتھ دشمنی کی اور پوری قوم کو مشکل میں پھنسا دیا، عمران خان

1056
Imran Khan

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ایک شخص نے ہم سے دشمنی کی اور پوری قوم کو مشکل میں پھنسا دیا۔ اس کی وجہ ہی سے مجھے ملک دشمن اور غدار ہونے کا احساس ہونے لگا۔

گورنر ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے مظاہرین سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا قصور صرف اتنا تھا کہ ہم نے چوروں کے ٹولے کو تسلیم نہیں کہا۔ اس کے باوجود کہ قوم ہمارے ساتھ ہے۔ پورے منظر نامے اور صورت حال سے وہ شخص واقف تھا لیکن اسے کوئی فکر بھی نہیں تھی۔

عمران خان نے اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلے کہتے تھے اسمبلیاں توڑیں تو ہم انتخابات کروا دیں گے۔ اب جب ہم نے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تو انہیں تحریکیں یاد آ گئیں۔ ایک شخص نے آٹھ ماہ قبل تحریک انصاف کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان پر ایسا ظلم کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جس اندھیرے میں پہنچ چکا ہے، وہ گزشتہ 70 برس میں بھی نہیں ہوا۔ ایک شخص مجھے نااہل کروانے پر تلا ہوا ہے۔ ہماری حمایت میں لکھنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس میں بھی کامیابی نہیں ملی تو مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوششیں بھی ناکام رہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے افغانستان سے جانے کے بعد حالات کو ہم نے قابو کیا لیکن آج دیکھیں کہ مالاکنڈ، وزیرستان اور بنوں تک دہشت گردی ہو رہی ہے۔ ملکی خارجہ پالیسی صفر ہے۔ وزیر خارجہ ابھی تک افغانستان نہیں گیا۔ اربوں روپے لگا کر پاک افغان سرحد پر باڑ لگائی تھی، جسے اکھاڑا جا رہا ہے لیکن اس پر خاموشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں قانون و انصاف کی بالادستی قائم کرنا ناگزیر ہے، جب تک ایسا نہیں کریں گے، ہم دوبارہ کھڑے نہیں ہو سکتے۔ ہمیں متحد ہوکر یہ جنگ لڑنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کو فنڈز نہیں دیے گئے اور وفاق کے پی حکومت کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں نئی اسانیاں پیدا کرنا ہوں گی، تبھی دہشت گردی پر قابو پایا جا سکے گا۔