جنرل باجوہ کے اہلخانہ کا ٹیکس ڈیٹا لیک کرنے پر ایف بی آر کے افسران گرفتار

810

اسلام آباد: جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے اہل خانہ کا ٹیکس ڈیٹا لیک کرنے کے الزام میں فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) لاہور کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا، جن میں دو سپرنٹنڈنٹس ارشد قریشی اور شاید نیاز جب کہ ایک اپر ڈویژن کلرک عدیل اشرف شامل ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر کے تینوں افسران کو محکمہ جاتی انکوائری میں قصوروار ثابت ہونے کے بعد اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز اور کمپیوٹرز قبضے میں لے کر فرانزک کے لیے لیبارٹری بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق گرفتار کیے گئے افسران سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے اعلیٰ سطح پر بنائی گئی ٹیم تفتیش کررہی ہے جب کہ خود ایف بی آر کی درخواست پر تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔