اجلاس نہ ہوا یا اعتماد کا ووٹ نہ لیا تووزیراعلیٰ پنجاب ڈی نوٹیفائی ہونگے، ن لیگ

754

لاہور: ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ اگر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ ہوا یا اعتماد کا ووٹ نہ لیا گیا تو گورنر پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر دیں گے۔

گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد نے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادی  اراکین کل بدھ کے روز سہ پہر 4 بجے اجلاس کے وقت پنجاب اسمبلی پہنچیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیگی رہنما خلیل طاہر سندھ نے کہا کہ ہم گورنر کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے لیے مقررہ وقت پر پنجاب اسمبلی پہنچیں گے، گورنر کا طلب کردہ اجلاس آئین و قانون کے عین مطابق ہے اور وزیراعلیٰ کو کل ہر حال میں اعتماد کا ووٹ لینا ہی ہوگا ورنہ وہ اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کل اجلاس نہ ہوا اور وزیراعلی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر وزیراعلی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر دیں گے۔

واضح رہے کہ گورنر پنجاب نے بدھ  21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔