ن لیگ اور اتحادیوں کی مشاورت، پرویز الٰہی کو عہدے سے ہٹانے پر اتفاق

751

لاہور: گورنر ہاؤس پنجاب میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اتفاق کیا گیا کہ پرویز الٰہی کل وزیراعلیٰ کے عہدے پر نہیں رہیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے کل بدھ کے روز طلب کیے گئے اجلاس  کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں ہونے والے ن لیگ اور اتحادیوں کے اہم مشاورتی اجلاس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، رانا ثنا اللہ، ملک احمد خان، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور عون چودھری شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو غیرقانونی قرار دینے کے معاملے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پنجاب اسمبلی کا کل بدھ کا اجلاس مکمل آئینی و قانونی ہے اور اس میں پرویزالٰہی  کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہو گا۔

شرکا اجلاس میں اس بات پر بھی متفق ہوئے کہ اسمبلی اجلاس کا انعقاد نہ ہوا یا وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چودھری پرویزالٰہی اپنا عہدہ برقرار نہیں  رکھ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ اپنے عہدے پر برقرار نہ رہے تو گورنر پنجاب نئے قائد ایوان کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔