آئی سی سی نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے محفوظ قرار دیدیا

938

کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سی ای او جیف الارڈیس نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی شائقین کو پاکستان آکر سیریز دیکھنے کا مشورہ دیدیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف الارڈیس نے پی سی بی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان دنیائے کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔شائقین کرکٹ سیریز دیکھنے کے لیے سفر کرکے پاکستان آئے ہیں، نیوزی لینڈ ٹیم بھی کچھ دنوں تک پاکستان آرہی ہے، خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تواتر کے ساتھ واپس آرہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کا کھیل سے بہت لگاؤ دیکھا ہے۔پاکستان کے لوگ سیاحوں کے ساتھ بہترین سلوک کرتے ہیں، میں نے پاکستان آکر جب بھی سیریز دیکھی بہت اچھے طریقے سے میرا استقبال کیا گیا۔

جیف الارڈیس نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز بھی بہترین رہی۔ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی یہی ہے کہ وہ ہر جگہ مختلف طریقے سے ہوتی ہے۔پچ اور موسم کی صورتحال بھی مختلف ہوتی ہے، کچھ میچز جلدی ختم ہوجاتے تو کچھ کا رزلٹ دیر سے آتا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ سے میں خوش ہوں یہی کرکٹ کا حسن ہے۔

سی ای او آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 2014 میں ویمن چیمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا تھا، ویمن کرکٹ کی سیریز زیادہ سے زیادہ کروانا ترجیحات میں شامل ہے۔ٹی 20 فارمیٹ نے کرکٹ کو جدت دی ہے، جس کا ورلڈ کپ ہر 2 سال بعد ہوا کرے گا۔