تاجر تنظیموں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 20 فی صد کمی کا مطالبہ کردیا

542

اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے حکومت سے عالمی منڈی میں کمی کے مطابق ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 20 فی صد کمی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بے جا ٹیکس لگانا قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی کے کنوینر خالد چودھری،  جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز،آئی نائن کے جنرل سیکرٹری ولید خالد ،جی سیون سٹار مارکیٹ کے صدر سید الطاف شاہ ، میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال ، سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان ، جی ایٹ ون کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبد الغفار، اسٹیل مارکیٹ کے صدر چودھری عرفان، آب پارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی اور مرکزی انجمن تاجران بہارہ کہو کے صدر راجا زاہد دانیال نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیں اور واپس برطانیہ چلے جائیں۔

تاجر رہنماؤں نے وزیر خزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کی ٹارزن کی طرز پر معیشت کی درستگی کے لیے واپسی ناکام ثابت ہوئی اور بلند بانگ دعووں کے باوجود حالات کنٹرول نہیں ہو سکے۔ 13 جماعتوں پر مشتمل موجودہ حکومت اور 30 سالہ تجربہ رکھنے والے لوگ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جب کہ سابقہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے دور میں حالات اچھے تو نہیں تھے لیکن قدرے بہتر تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی حالات ٹھیک کرنے کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں اور اداروں کو ایک جگہ بیٹھنا پڑے گا اور دور رس فیصلے کرنے ہوں گے۔ اس کے لیے برداشت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا، ورنہ تمام لوگ پچھتائیں گے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں واضح کمی ہو چکی ہے اس لیے فوری طور پیٹرولیم مصنوعات میں کم از کم 20 فی صد کمی کا اعلان کیا جائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بے جا ٹیکس لگانا قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔