وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے حقوق حاصل کر کے رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن

560

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے سیاسی مافیائیں خوفزدہ اور شدید پریشان ہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق  حاصل کر کے رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ نے کراچی کی تباہی و بربادی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، پی ٹی آئی نے بھی عوام کو شدیدمایوس کیا، کارکنان گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں ،اہل کراچی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کرائیں ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا میئر کراچی میں تعمیر و ترقی کا نیا سفر  شروع کرے گا اور اختیارات نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے مسائل حل کروائے گا ۔ سندھ حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آرٹیکل 140-Aکے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات و وسائل کی فراہمی کے لیے فوری طور پر قانون سازی کرے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ملک کے ریونیو میں اس کا حصہ 70فیصد سے بھی زیادہ ہے لیکن حکمرانو ںکی کرپشن و نا اہلی اور حکمران جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی بے حسی کی وجہ سے یہ شہر تباہی و بربادی کا شکار ہے ،یہاں کے لوگ بجلی ،پانی ،گیس،ٹرانسپورٹ جیسی سہولت سے محروم ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی کا کوئی نظا م نہیں اور پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے ۔نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بند ہیں اور کراچی کے جعلی ڈومیسائل پرحکمراں جماعت کے من پسند لوگوں کو بھرتی کیا جارہا ہے ، کراچی کا پڑھا لکھا نوجوان مایوسی کا شکار ہے ،کراچی کا پانی کراچی ہی کے لوگوں کو بیچا جارہا ہے اور ٹینکر مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے اگر نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے K4منصوبے کو بروقت تکمیل تک پہنچا دیا ہوتا تو آج کراچی میں پینے کے پانی کا بحران نہیں ہوتا ۔