صدر مملکت کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ، منصوبوں پر کام کا مشاہدہ

822

راولپنڈی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خود انحصاری حاصل کرنے کیلیے ایچ آئی ای ٹی کی کوششوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا جہاں انہیں ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کی تکنیکی صلاحیتوں، پیداواری صلاحیت کے بارے آگاہی دی گئی۔

صدر مملکت کو مقامی طور بڑے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ منصوبوں اور اندسٹری کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے حال ہی میں شروع کیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ صدر مملکت نے مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور جاری منصوبوں پر کام کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر عارف علوی نے جاری آر اینڈ ڈی منصوبوں بشمول بلٹ پروفنگ اور فوجی گاڑیوں کی آئی ای ڈی اور ٹینک و آرٹلری گن کے بیرل اور سسٹمز کی تیاری میں گہری دلچسپی لی جبکہ انہوں نے جنگی گاڑیوں اور سسٹم کے لیے مقامی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے ایچ آی ٹی کی کوششوں کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ایچ آئی ٹی کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ادارے کو جدید دفاعی پیداوار کے ادارے میں تبدیل کرنے کے ایچ آئی ٹی کے عزم کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات کو مناسب طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا آمد پر ایچ آئی ٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔