ٹیکا کی جانب سے راشد آباد اسکول اینڈ ہیلتھ کیمپس کو خصوصی بس کا تحفہ

1109

کراچی: ترکیہ کے سرکاری فلاحی ادارے ‘‘ترک رابطہ و تعاون ایجنسی’’(ٹیکا) نے  راشد آباد اسکول اینڈ ہیلتھ کیمپس کو  خصوصی طور  پر تیار کردہ جدید اسکول بس کا تحفہ دیا ہے ۔

خصوصی اور جدید بس کا تحفہ دینے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کراچی میں  ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو، ٹیکا کراچی کے پروگرام کوآرڈینیٹر خلیل ابراہیم بشاران، ترک معارف فاؤنڈیشن حیدرآباد کے کوآرڈینیٹر رمضان ، راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و صدر  ائیر کموڈور (ر) شبیر احمد خان اور  اساتذہ و  طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب میں قونصل جنرل جمال سانگو نے اسکول بس کی چابی    ائیر کموڈور (ر) شبیر احمد خان کے حوالے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا کہ  تحریک خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ہماری جو مدد کی تھی بطور ترک قوم ہم اس  کو نہیں بھولے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ ہم برادر ممالک ہیں اور ایک دوسرے کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیکا کراچی کے کوآرڈینٹر خلیل ابراہیم بشاران نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں ٹیکا نے شعبہ تعلیم میں بہت سے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ۔راشد آباد ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیمپس کے زیر انتظام کئی ادارے ہیں جن میں زیر تعلیم  بچےاس بس سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و صدر ائیر کموڈور (ر) شبیر احمد خان نے کہا کہ پہلے، ٹیکانے 2019 میں راشد آباد میں ایک جدید ترین آڈیٹوریم قائم کیا تھا، اور اب یہ خوبصورت اسکول بس ترک عوام کی جانب سے ملنے والے تحائف میں ایک نیا اضافہ ہے۔ انہوں نے ترکیہ اور ٹیکا کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔