منظور وسان کا عمران خان کے لیے خصوصی جڑی بوٹیاں کاشت کرنے کا  مشورہ

691

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کاشت کاروں کو عمران خان کے لیے خصوصی جڑی بوٹیاں کاشت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

منظور وسان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے بطور وزیر سندھ کے کاشت کاروں کو احکامات دیے ہیں کہ جڑی بوٹیاں کاشت کریں تاکہ ذہنی مریضوں کا علاج ہوسکے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اقتدار چھینے جانے کی وجہ سے ذہنی پریشانیاں بڑھ  رہی ہیں، ایسے ذہنی مریضوں کے لیے خصوصی جڑی بوٹیاں کاشت کی جانی چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں سے کچھ ذہنی مریض جلد ٹھیک ہو جائیں گے اور کچھ کو ٹھیک ہونے میں چھ ماہ کا وقت بھی لگ سکتا ہے۔

الیکشن سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ملک میں عام انتخابات مئی اور جون کے درمیان ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ملک میں عام انتخابات پی ڈی ایم کی رضامندی سے ہوں گے۔ جیسے جیسے انتخابات قریب ہوں گے، تو عمران خان کوپریشانی کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے۔