آصفہ بھٹو زرداری سے جرمن سفیر کی ملاقات

533

کراچی: سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو  اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی، سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بہن  آصفہ بھٹو زرداری سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینس نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری سے جرمن سفیر نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم اور اس سلسلے میں جرمنی کے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے جرمنی کی حکومت و عوام کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے تعاون کو سراہا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں غیرمعمولی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد پر سراہا ۔ انہو ں نے کہ اکہ  جرمنی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ باہمی اقتصادی مفادات کے لیے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہیے۔

ملاقات میں پاکستان کی گرین انرجی میں صلاحیت اور ملک کے توانائی کے پورٹ فولیو کو وسیع  کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت اور ZABTech سمیت پاکستان بھر میں پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کے لیے جرمنی کے تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

جرمنی  کے قونصل جنرل ڈاکٹر رو ڈیگر لوٹنز اور فرسٹ سیکرٹری کرسچن بوئچر بھی جرمن سفیر کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون و سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔