ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک روز قبل دیے گئے اپنے ہی احکامات پر عمل کرانے میں ناکام

778

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) ایڈمنسٹریٹر کراچی اپنے ہی ایک روز قبل دیے گئے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہو گئے۔ شہر قائد میں چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ شہر بھر میں قانونی و غیر قانونی چارجڈ پارکنگ سے اضافی وصولیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے زیراہتمام بھی مختلف مقامات پر وصولی جاری ہے۔کراچی کے مختلف بازاروں،اسپتالوں اور تفریحی مقامات پر حسب معمول شہریوں سے تاحال فیس وصول کی جارہی ہے۔

صدر، موبائل مارکیٹ ، ناظم آباد نمبر 2لائنس برانچ کی طرف سے کے ایم سی چارجڈ پارکنگ کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے بلدیہ عظمی کراچی کے زیرانتظام چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ذارئع کے مطابق چارجڈ پارکنگ کے ایم سی کے تحت شہر بھر میں صرف34 منظور شدہ پارکنگ سائٹس قائم ہیں۔ جبکہ 16 تجرباتی پارکنگ سائٹس ان کے علاوہ ہیں۔ اسی طرح ضلعی میونسپل کارپوریشنز شرقی، غربی، وسطی،جنوبی، کیماڑی اور کورنگی کے تحت چلنے والی پارکنگ سائٹس قانونی و غیر قانونی 200 سے زاید پارکنگ سائٹس قائم ہیں۔

کراچی میں تاحال 150 سے زاید غیر قانونی پارکنگ سے کروڑوں روپے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔ 10 کی جگہ 30 اور 30 کی جگہ 100 روپے فی کس وصول کیے جارہے ہیں۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں، بازاروں، اسکولوں، اسپتالوں اور پوش علاقوں سمیت جدید شاپنگ مالز پر بھی پارکنگ مافیا کا شکنجہ مضبوط ہے۔

شہر کے قومی و غیر ملکی بینکوں کے باہر بھی مافیا نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ کے لیے مختص جگہ سے تجاوز سمیت مقرر کردہ پارکنگ فیس میں بھی من مانے اضافے کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے روزنامہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے بتایا کہ مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور تفریحی مقامات پر حسب معمول شہریوں سے فیس وصول کی جارہی ہے۔صدر، موبائل مارکیٹ ، ناظم آباد نمبر 2 لائنس برانچ کی طرف سے کے ایم سی چارجڈ پارکنگ کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔

شہریو ں کا مزید کہنا تھا کہ ان مقامات پر جہاں پہلے ہی کے ایم سی کے علاوہ مافیا فیس وصول کرتی ہے کیا وہاں بند ہوسکے گی، اسی طرح کنٹونمنٹ بورڈز کے زیراہتمام بھی مختلف مقامات پر وصولی جاری ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے عہدہ سنبھالتے ہی کے ایم سی کی پارکنگ فیس ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا تھا کے ایم سی(ہفتے) سے پارکنگ و صول نہیں کرے گی۔

پارکنگ اسٹاف کو ہٹایا جائے اور آکشن ہونے تک شہریوں کے لیے پارکنگ مفت ہو گی، تاہم اس کے بارعکس کے ایم سی کراچی کے تحت چلنے والی قانونی و غیر قانونی 200 سے زاید پارکنگ سائٹس سے اضافی وصولیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اس حوالے سے مؤقف جاننے کے لیے جسارت نے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سے متعدد بار رابط کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابط نہیں ہوسکا۔