مسائل سے نمٹنے کیلیے پاکستان کے پاس مطلوبہ وسائل نہیں، وزیر تجارت

642

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ دنیا کورونا اور سیلاب کے بعد پاکستان کی مشکلات سمجھے۔ ہمارے اتنے وسائل نہیں کہ ہم اپنی مالی مشکلات سے نمٹ سکیں۔

26ویں پائیدار ترقی کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی اثرات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ہمارا درآمدی بل 35 ارب ڈالر سے زیادہ ہے ۔توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں ایندھن درآمد کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم توانائی اور خوراک پر کثیر زرمبادلہ صرف کرتے ہیں۔مالی مشکلات سے نکلنے کے لیے ہمیں اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا۔ خوراک کی قلت پر قابو پانے کے لیے ہمیں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا ہوں گی ۔ ملکی معیشت زیادہ دیر تک قرضوں اور درآمدات پر انحصار نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہمارا مستقبل ہے، اسے اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ہمیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہو گا۔