سندھ حکومت:جبری تبدیلی ٔ مذہب کی روک تھام کیلیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

682

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جبری مذہب کی تبدیلی کے قانون کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ جبری مذہب کی تبدیلی کی روک تھام کے لیے سندھ  حکومت ضروری اقدامات کررہی ہے۔ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔

انہوں نے جبری مذہب کی تبدیلی کے قانون پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے چیف سیکرٹری سندھ کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر غور و فکر کرکے اتفاق رائے پیدا کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے جبری مذہب کی تبدیلی کا قانون بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس میں مشیر قانون،  چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بلاول بھٹو زرداری کو جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کمیٹی کے قیام سے متعلق آگاہی دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کم عمری میں شادی کے خلاف قانون سازی کے حوالے سے سندھ پہلے ہی برتری رکھتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی سے متعلق جاری کاوشیں بھی کامیاب ہوں گی۔