سعودی عرب کا پاکستان کے لیے مزید مالی امداد کا عندیہ

807
1 billion dollars

نیویارک: غیر ملکی جریدے بلومبرگ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان کاکہنا ہےکہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا بجٹ 4 ارب ڈالر سے زائد سرپلس ہوگیا ہے۔ سعودی عرب ترک سینٹرل بینک میں بھی 4 ارب ڈالر رکھے گا۔ اس سلسلے میں سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت مہنگائی کے اثرات سے نبرد آزما اتحادی ملکوں کی مدد کرے گی۔

واضح رہے کہ  پاکستان نے زرمبادلہ کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب سے مزید تعاون کی درخواست کی تھی۔

سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان کے مطابق پاکستان کی ہر ممکن مالی مدد کی جائے گی۔ سعودی عرب پاکستان کے غیر ملکی ذخائر کی سپورٹ کے لیے رکھوائے گئے 3 ارب ڈالرز کی مدت پہلے ہی بڑھا چکا ہے۔پاکستان کو رواں مالی سال جون کے اختتام تک 16 ارب ڈالر قرض واپس کرنا ہے، جس کے لیے پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 4.2 ارب ڈالر کی درخواست کی تھی۔