جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، روسی صدر

1247

ماسکو:روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے،لیکن ہم پاگل نہیں ہیں اور ہمیں اندازہ ہے کہ جوہری ہتھیار کیا ہیں ، ہم ان ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہیں کریں گے اور صرف اسی صورت میں اپنے جوہری ہتھیار استعمال کریں گے جب ہمارے ملک پر حملہ کیا گیا۔

 روسی صدر نے کہا کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور اس کو چھپانا غلط ہو گا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ روس کے پاس دنیا کے سب سے جدید جوہری ہتھیار ہیں۔

 انھوں نے امریکی جوہری پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس کے برعکس امریکا نے اپنے جوہری ہتھیار دوسرے ممالک کی سرزمین خاص طور سے یورپی ممالک تک پھیلا رکھے ہیں۔انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ یوکرین کی جنگ طویل ہو سکتی ہے۔

 روسی صدر نے کہا کہ یوکرین جنگ کے اب تک اہم نتائج برآمد ہو ئے ہیں جن میں سے یوکرین کے چار خطوں کے علاقوں کا روس سے انضمام قابل ذکر ہے۔

 صدر پیوٹن نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے 17ویں اور 18ویں صدی میں روس پر حکمرانی کرنے والے رہنما پیٹر دی گریٹ کا خواب پورا کر دیا ہے جنھوں نے ان علاقوں کو روس کا حصہ بنانے کا عزم کیا تھا۔