پرامید ہوں دوسرا ٹیسٹ میچ پاکستان جیتے گا، محمد یوسف

495
 پرامید ہوں دوسرا ٹیسٹ میچ پاکستان جیتے گا، محمد یوسف

 ملتان:پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے 16برس پہلے ملتان میں ہونے والے ٹیسٹ کی یادیں تازہ کردیں۔

ملتان میں  نجی ٹی وی  سے گفتگو میں محمد یوسف نے کہا کہ 16 سال پہلے ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جو میچ کھیلا وہ یادگار تھا۔

انہوں نے کہا کہ 16 برس کے بعد ملتان میں ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے، جو ایک زبردست چیز ہے، پرامید ہوں کہ دوسرا ٹیسٹ میچ اچھا ہوگا اور پاکستان جیتے گا۔

انہوں نے مزید کہا یہاں جب بھی میچ ہوتا ہے شائقین کی ایک بڑی تعداد آتی ہے، سب پاکستان کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

محمد یوسف نے کہا کہ میں 2006 کو کسی بھی طرح نہیں بھلا سکتا، میں یہ بالکل نہیں کہہ سکتا کہ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اکیلے کیا۔

انہوں نے کہا میں نے اس سال کوشش کی اور محنت کی نوازا مجھے اللہ نے تھا،سعید انور، انضمام الحق، یونس خان، جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے کھلاڑی آئے لیکن یہ کیلنڈر ایئر میں رنز بنانے کا ریکارڈ میرے حصے میں آیا۔

یہ ریکارڈ سچن اور برائن لارا جیسے بیٹرز بھی نہ بنا سکے،پاکستانی بیٹنگ کوچ نے کہا کہ ویوین رچرڈ پائے کے کھلاڑی ہیں، میں تو ان کے نزدیک بھی نہیں ہوں۔

انہوں نےکہا میں سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہا،ان کا کہنا تھا کہ 16برس پہلے میں نے ملتان ٹیسٹ میں میچ بچانے والی اننگز کھیلی تھی۔

پہلے خود بیٹنگ کے لیے یہاں آتا تھا اب بیٹرز کی رہنمائی کر رہا ہوں،میرا عقیدہ ہے کہ کوشش کریں نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کوچز کا بس یہی فوکس ہوتا ہے کہ کھلاڑی ہماری رہنمائی میں اچھا کریں، اب مجھے لگ رہا ہے کہ یہاں ملتان میں ایک مختلف کام کے لیے آیا ہوں۔

محمد یوسف نے کہا کہ کرکٹ سے لگاو ہے اسی لیے کرکٹ سے ہی جڑے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نیا رول بھی اچھا لگ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، امام الحق اور عبد اللہ شفیق جیسے بیٹرز کو اب رنز کرتا ہوا دیکھ رہا ہوں، سلمان علی اور سعود شکیل جیسے زبردست کھیلنے والے بیٹرز آرہے ہیں۔