وفاقی کابینہ: روس سے گندم منگوانے، الیکشن کیلیے 15 ارب روپے کی منظوری

541

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے روس سے گندم منگوانے اور عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 15 ارب روپے کی منظوری سمیت دیگر اہم فیصلے کیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈا زیر غور رہا، جس میں روس سے گندم کی دآمد، الیکشن کے انعقاد کے لیے فنڈز، سیلابی کے بعد بحالی کے لیے ڈونر کانفرنس اور تیل و گیس تلاش کرنے کے لیے لائسنس سے متعلق معاملات شامل تھے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے روس سے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم منگوانے کرنے منظوری دے دی جب کہ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 15 ارب روپے دینے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ کابینہ نے بریفنگ کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے معطل لائسنس بحال کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے وزارت اطلاعات میڈیا مہم کے لیے 2 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ کی توثیق بھی کی۔ علاوہ ازیں اجلاس کے شرکا نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے یکم دسمبر کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی اسکیموں کے لیے 8 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی جب کہ کے الیکٹرک کے لیے یکساں ٹیرف کے فیصلے کی بھی توثیق کردی گئی۔وفاقی کابینہ اجلاس کے فیصلوں کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔