برطانوی اخبار ڈیلی  میل نے شہباز شریف سے معافی مانگ لی

592

لندن: برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اخبار نے ایک معافی نامہ عدالت میں جمع کروا دیا ہے، جس میں شہباز شریف سے معافی مانگی گئی ہے جب کہ مزید کہا گیا ہے کہ قبول کرتے ہیں شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

اخبار نے اپنے آفیشل پیج پر بھی معذرت شائع کرتے ہوئے الزامات واپس لے لیے اور شہباز شریف سے معافی مانگی ہے۔ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں۔قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے فیصلے کے لیے 13 دسمبر کی تاریخ دی تھی، تاہم اس سے قبل ہی ڈیلی میل نے اپنے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے شہباز شریف سے معذرت کرلی ہے۔

ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں برطانوی حکومت کی جانب سے دیے گئے فنڈز میں خورد برد کا الزام لگایا تھا، جس پر شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف برطانیہ ہی میں مقدمہ کیا تھا۔برطانوی اخبار کی 14 جولائی 2019ء کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے دیے گئے فنڈز چوری کیے تھے۔

ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف سے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی اور بتایا گیا کہ چوری شدہ رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کے لیے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی۔