کاروبار جلد بند کر کے ہم چار ہزار میگا واٹ توانائی کی بچت کرسکتے ہیں، صدر مملکت

302

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پانی اور توانائی کے تحفظ کیلئے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے اس کے نتیجے میں پاکستان اپنی مالی اور اقتصادی مشکلات کو کم کرسکتا ہے، شام کے اوقات میں کاروبار جلد بند کر کے ہم تین سے چار ہزار میگا واٹ توانائی کی بچت کرسکتے ہیں جبکہ چھوٹے اور بڑے آبی ذخائر بنا کر بارشوں اور سیلابی پانی کو بچاکر اسے زراعت اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال میں لاسکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد ہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور ملک کے بیشتر حصوں میں سیلاب زدگان کی بحالی کے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی متوقع تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنے اور ایک مضبوط معاشرہ بنانے کی ضرورت ہے۔

عارف علوی  نے کہا کہ بحرانوں اور مسائل سے نمٹنے کے مختلف مراحل ہوتے ہیں جن کا آغاز پہلے مسئلے کو پہچاننے، ایک بیس لائن بنانے، ماضی کے تجربات پر غور کرنے اور ملک کے اندر اور دنیا بھر میں اچھے طریقوں کو بینچ مارک کرنے سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اہداف، اہم کارکردگی کے اشاروں اور ایک ٹائم لائن کا تعین کرکے اپنے ذہن اور وسائل کو مقررہ ہدف میں لگانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کے لئے گلوبل وارمنگ کو محدود کرنے کی ضرورت ہے۔