قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

309

یہ لوگ جب کوئی شرمناک کام کرتے ہیں تو کہتے ہیں ہم نے اپنے باپ دادا کو اسی طریقہ پر پایا ہے اور اللہ ہی نے ہمیں ایسا کرنے کا حکم دیا ہے اِن سے کہو اللہ بے حیائی کا حکم کبھی نہیں دیا کرتا کیا تم اللہ کا نام لے کر وہ باتیں کہتے ہو جن کے متعلق تمہیں علم نہیں ہے (وہ اللہ کی طرف سے ہیں)؟۔ اے محمدؐ، ان سے کہو، میرے رب نے تو راستی و انصاف کا حکم دیا ہے، اور اس کا حکم تو یہ ہے کہ ہر عبادت میں اپنا رخ ٹھیک رکھو اور اْسی کو پکارو اپنے دین کو اس کے لیے خالص رکھ کر جس طرح اْس نے تمہیں اب پیدا کیا ہے اسی طرح تم پھر پیدا کیے جاؤ گے۔ (سورۃ الاعراف:28تا29)

سیدنا ابو امامہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم سے دریافت کیا گیا: یارسول اللہؐکون سے وقت کی دعا زیادہ قبول ہوتی ہے؟ ارشاد فرمایا: رات کے آخری حصہ میں اور فرض نمازوں کے بعد۔ (ترمذی)
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رحم (رشتہ داری) کا تعلق رحمن سے جڑا ہوا ہے پس اللہ نے(اس سے) فرمایا: ’’جو کوئی اپنے آپ کو تیرے ساتھ جوڑے گا میں بھی اس کو اپنے ساتھ جوڑوں گا اور جو کوئی تجھے توڑے گا میں بھی اپنے آپ سے اس کو توڑ دوں گا‘‘۔ (بخاری)