نوجوان کھلاڑیوں میں کھیلوں کے سامان کی تقسیم سے میدان آباد ہونگے ، سردار فیصل امین خان گنڈہ پور

601
نوجوان کھلاڑیوں میں کھیلوں کے سامان کی تقسیم سے میدان آباد ہونگے ، سردار فیصل امین خان گنڈہ پور

ڈیر ہ اسماعیل خان: وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا سردار فیصل امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ ریجنل سپورٹس آفیسر انور کمال برکی کی کاوشوں سے ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں کھیلوں کی سامان کی تقسیم سے یقیناً کھیلوں کے میدان آباد ہونگے اور نوجوان نسل منفی سرگرمیوں کی بجائے مثبت سرگرمیوں کی جانب مائل ہورہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس میں ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے کھلاڑیوں کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے کھیلوں اور تربیتی کیمپس کے سامان کی تقسیم کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نصر اللہ خان، اے ڈی سی (جنرل) طارق، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد، اسسٹنٹ کمشنر درازندہ محمد اقبال، تحصیل میئر درازندہ ملک عزت گل شیرانی اور پی ٹی آئی درازندہ کے امیدوار صوبائی اسمبلی سہیل شیرانی، ولی خان شیرانی سمیت ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے عمائدین اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

آر ایس او ڈیرہ انور کمال برکی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر70 کھلاڑیوں میں کرکٹ، فٹ بال، اتھلیٹکس، ہاکی اور بیڈ منٹن کے کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بوٹ، کٹ بیگز اور ٹریک سوٹس سمیت کھیلوں کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نصر اللہ خان کا کہنا تھا کہ رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس میں ریجنل سپورٹس آفس کی جانب سے علاقہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کی سرگرمیاں اور اقدامات قابل تحسین ہیں، ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سرگرمیوں کی فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آر ایس او انور کمال برکی سے ہرممکن تعاون کرے گی۔

ریجنل سپورٹس آفیسر انور کمال برکی کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سمیت ضم شدہ قبائلی علاقوں میں نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب مائل کرنے ، مقامی کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا یہی نوجوان کھلاڑی اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نہ صرف علاقہ بلکہ صوبے اور ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کریں جس کی واضح مثال حالیہ سٹریٹ چائلڈز فٹبال کے عالمی مقابلوں میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر علاقہ اور ملک کا نام روشن کیا۔