سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت آج ہوگی

438

اسلام آباد/مدینہ منورہ : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے کہا کہ لندن میں 4 سال سے زائد جلا وطنی کے بعد پاکستان واپس آ رہا ہوں۔سلمان شہباز، اہلیہ اوربچوں کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ، جہاں سے وہ 11 دسمبر کوپاکستان پہنچیں گے۔

مدینہ منورہ میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر شہزاد اکبر نے جھوٹے مقدمات قائم کیے، ہم سیاسی مخالفین کے خاندان کے خلاف کوئی جھوٹی کارروائی نہیں کریں گے۔ سلمان شہباز کا کہنا تھاکہ نئے سیاسی نظام کے لیے جعلی مقدمات بنا کر مجھے پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، کوئی بھی جلاوطن نہیں ہوناچاہتا، انصاف ملنے کی بھی توقع نہیں تھی، مجھ پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات سیاسی مخالفت کی بدترین مثال تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے بنائے مقدمات میں حقیقت نہیں تھی۔سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بلیک میل کرکے ہمارے خلاف مقدمات بنوائے گئے۔ہمارے خلاف پاکستان اور برطانیہ میں مقدمات بنوانے کے لیے پاکستانی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اعجاز اسحاق خان آج سماعت کریں گے ۔

یاد رہے کہ سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کی طرف سے سلمان شہباز پر منی لانڈرنگ اور پبلک آفس کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے تھے لیکن برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے سلمان شہباز کے خلاف تحقیقات کے بعد انہیں کلین چٹ دی تھی۔