ٹریفک اسٹاپ کے معمولی واقعے پر امریکی پولیس چیف نوکری سے فارغ

489

فلوریڈا؛ ٹریفک اسٹاپ کے ایک معمولی واقعے پر امریکی پولیس چیف کو نوکری سے فارغ ہونا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ٹمپا میں ایک خاتون پولیس چیف میری اوکونر کو پیر کو اس بات پر استعفی دینا پڑ گیا جب ایک باڈی کیم فوٹیج میں دیکھا گیا کہ انھوں نے ایک ٹریفک اہل کار کو ٹریفک اسٹاپ کے دوران کہا بس ہمیں جانے دو۔

 ٹریفک پولیس کے روکنے پر پولیس چیف نے اپنا پولیس بیج دکھا کر جانے کے لیے کہا، پولیس چیف کی یہ حرکت ٹریفک پولیس اہل کار کے باڈی کیم میں ریکارڈ ہو گئی تھی، نہ صرف ان سے استعفی مانگا گیا بلکہ انھیں چالان بھی بھرنا پڑا۔

پولیس چیف کے استعفے کے بعد اسسٹنٹ پولیس چیف کو عبوری سربراہ کا چارج دے دیا گیا۔ میئر جین کاسٹر نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے واقعے کی اندرونی معاملات کی تحقیقات کے بعد چیف میری او کونر سے استعفے کی درخواست کی تھی، جس پر استعفی انھیں موصول ہو گیا۔

 انھوں نے کہا کسی بھی سرکاری ملازم، اور خاص طور پر شہر کے اعلی قانون نافذ کرنے والے رہنما کے لیے، اپنے عہدے کی وجہ سے خصوصی سلوک کی درخواست کرنا ناقابل قبول ہے۔ واقعے کی داخلی تفتیش کے بعد یہ سامنے آیا کہ پولیس چیف نے محکمے کی پالیسی کی خلاف ورزی کی تھی، اور اپنے عہدے کا استعمال کر کے عہدے اور شہر ٹمپا کی پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقیات سے سمجھوتہ کیا گیا۔