قومی ووٹر ڈے کے موقع پربدین میں سیمینار کا انعقاد

197
قومی ووٹر ڈے کے موقع پربدین میں سیمینار کا انعقاد

بدین:قومی ووٹر ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اظہر حسین ٹانوری کی زیر صدارت ووٹ کی اہمیت کے متعلق ہائی سکول بدین میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اظہر حسین ٹانوری نے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کے ہر فرد کا حق اور فریضہ ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج کرائے۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے ووٹ کا درست استعمال بہت ضروری ہے، اس لیے ووٹ کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ 

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن کا نام ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہے وہ اپنے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ مقامی الیکشن کمیشن کے دفتر آئیں اور فہرست میں اپنا نام درج کرائیں۔ 

اپنے ووٹ کا اندراج دیکھنے کے لیے اپنے موبائل سے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجیں آپ کو ایک جوابی پیغام موصول ہوگا جس میں آپ کے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات درج ہوں گی۔

  انہوں نے کہا کہ حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ کسی بھی دوسرے پتے پر ووٹ کا اندراج ہرگز نہیں کیا جائے گا۔

  انہوں نے کہا کہ ووٹ کے درست استعمال سے اچھے لیڈر کو آگے لایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسو نے کہا کہ حقیقی جمہوریت سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا سے اب رنگ نسل، مذھب اور ذات پات کے فرق کو ختم کیا جا چکا ہے پر  بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہ فرق اب تک موجود ہے جس کو ووٹ کی طاقت سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔

ہیڈ ماسٹر نثار احمد خاصخیلی نے کہا کہ ووٹ کے صحیح استعمال سے ہر مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے ووٹ کا دوسرا نام انقلاب ہے ۔

اس موقع پر انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں نے کہا کہ اس سیمینار میں موجود ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گاں اور علاقوں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں اور خاص طور پر دیہات کی خواتین کے ووٹ کا اندراج کرائیں کیونکہ ہمارے ہاں خواتین کی تعداد 50 فیصد ہے۔ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں خواتین کی تعداد بہت کم نظر آتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے اور اس کا درست استعمال سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کا راز بھی ووٹ کے درست استعمال میں مضمر ہے۔ 

ہمیں الیکشن کے دوران اہل اور دیانتدار قیادت لانے کی ضرورت ہے۔سیمینار میں الیکشن آفیسر مشتاق علی مستوئی، سکول ٹیچر آفتاب احمد سموں اور اسکول کے طالب علم محمد خان سومرو نے بھی ووٹ کی اہمیت اور افادیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیمینار کے بعد ضلع الیکشن کمشنر اظہر حسین ٹانوری کی قیادت میں مین ہائی اسکول سے اللہ والا چوک تک آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف شعبہ جات اور مختلف شعبہ ئے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبا اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔