چینی صدر 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے،ولی عہد نے استقبال کیا

734

ریاض: چین کے صدر شی جن پنگ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، ولی عہد محمد بن سلمان نے مہمان صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

چینی صدر شی جن پنگ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر بدھ کی شام سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر ریاض پہنچے، اس موقع پر فضا میں مہمان صدر کے طیارے کو رائل ایئر فورس کے طیاروں نے حفاظتی حصار میں لے لیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے چینی صدر کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر کے دورہ ریاض میں چین عرب سربراہی اجلاس اور چین جی سی سی کانفرنس شامل ہوگی۔ صدر شی جن پنگ ولی عہد محمد بن سلمان کے مہمان بنیں گے، اس موقع پر درجنوں معاہدوں پردستخط متوقع ہیں۔توانائی، سلامتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع پیمانے پرتعاون کیا جائے گا۔

چین عرب سربراہی اجلاس میں کم از کم 14 عرب سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے۔عرب سفارتی ذرائع نے اس اجلاس کو چین عرب تعلقات کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

چینی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب واشنگٹن ریاض تعلقات نازک صورتحال سے گزررہے ہیں، عالمی توانائی کی منڈی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے۔تیل کی پیداوار کرنے والی ریاستوں کے حکمران ورلڈ اسٹیج پربہت اہمیت اختیارکرگئے ہیں۔