ترکیہ عالمی مسائل کو حل کروانے میں سب سے آگے ہے،  ترک وزیر خارجہ

251
ترکیہ عالمی مسائل کو حل کروانے میں سب سے آگے ہے،  ترک وزیر خارجہ

انقرہ:وزیر خارجہ  میولود چاوش اولو  نے کہا کہ ترکی ان ممالک میں سے ایک ہے جو افریقہ سے لے کر ایشیا تک، مشرق وسطی سے لے کر بلقان تک وسیع جغرافیہ میں نئی امیدوں کا باعث ہے  اور یہ  ملک عالمی سفارت کاری میں سب سے زیادہ قابل اعتماد ممالک  میں سے ایک کا روپ اختیار کرگیا  ہے۔

میولود چاوش اولو  نے ان خیالات کا اظہار  دارالحکومت انقرہ کی حاجی بائرام ویلی  یونیورسٹی میں منعقدہ ’’ترکی کی کاروباری اور انسانی خارجہ پالیسی‘‘ کے موضوع پر کانفرنس کے افتتاحی موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ  آج دنیا میں سنگین مسائل، بحران اور جنگیں ہیں، انہوں نے کہا کہ  60 فیصد جنگیں اور تنازعات ترکیہ کے قریبی جغرافیہ میں  ہو رہی ہیں،میولود چاوش اولو   نے کہا کہ آج کی دنیا میں، نہ صرف نظریات اور اقتصادی سرگرمیاں بلکہ خطرات بھی عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آرہے ہیں ۔

تنازعات، توانائی اور خوراک کا بحران، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی، زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور بے قاعدہ ہجرت وہ چیلنجز ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں  نے نشاندہی کی کہ بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مسابقت سے انسانیت کے لیے خطرہ بننے والے مسائل کے لیے بھی مشترکہ حل تلاش کرنا مشکل  ہے، اور  اقوام متحدہ، یورپی یونین اور کونسل آف یورپ جیسی بین الاقوامی تنظیمیں عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے مشکل وقت میں پہل کرنے، رہنمائی کرنے، قیادت کرنے کے لیے کاروباری قوتوں کی ضرورت ہے۔

آج میں فخر سے کہنا چاہوں گا کہ ترکیہ ان قوتوں میں سب سے آگے ہے،ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ ان ممالک میں سے ایک ہے جس میں افریقہ سے لے کر ایشیا تک، مشرق وسطی سے لے کر بلقان تک وسیع جغرافیہ میں امید کی کرن روشن کی ہے۔

انہوں نے  کہا کہ آپ جس بھی عالمی مسائل کو  دیکھیں  ترکیہ ان مسائل کو حل کرنے میں مددگار  دکھائی دے گا۔