ملک کے دو اہم شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق

264
polio virus

اسلام آباد: ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا سدباب نہ ہوسکا، مزیددو اہم شہروں کے سیوریج میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، ڈی آئی خان کے ایریاز شیر پاؤ، ظفر آباد کے سیوریج میں پولیو پایا گیا، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ رواں سال ڈی آئی خان کے سیوریج میں ‘وائلڈ پولیو وائرس ون’ پایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے سیوریج میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے، یہ وائرس آؤٹ فال جی ای ایس سائٹ کے سیوریج میں پایا گیا، رواں سال یہ چوتھی بار ہوا ہے جب لاہور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلز 17 نومبر کو جمع کئے گئے تھے، تصدیق کے بعد رواں برس پنجاب کے سیوریج میں دسویں بار پولیو کی تصدیق ہوئی، سیوریج سیمپلز میں موجود پولیو وائرس کی جنیاتی تشخیص جاری ہے

ذرائع وزارت صحت کے مطابق رواں برس کے پی کے 23، پنجاب 10 سیوریج سیمپلز میں پولیو پایا گیا جبکہ 2021 کے دوران ملک میں 65 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔