پاکستان کا بھارت پر بابری مسجد کو اسکی اصل جگہ دوبارہ تعمیر کرنے پر زور

516
پاکستان کا بھارت پر بابری مسجد کو اسکی اصل جگہ دوبارہ تعمیر کرنے پر زور

 اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بابری مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس کی تباہی کے ذمہ دار مجرموں کو مناسب سزا دی جائے۔ 

منگل کو بھارت میں تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی 30ویں برسی کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بیان میں کہا کہ آج ہندوستان کے شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی 30 ویں برسی ہے، یہ واقعہ ہندوستان میں اس وقت سے بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جنون کی ایک افسوسناک یاد دہانی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہم مسمار کی گئی مسجد کی جگہ پر ہندو مندر کی جاری تعمیر اور  ذمہ دار مجرموں کی بریت کی مذمت کرتے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں پر مسلسل حملہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بابری مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس کی تباہی کے ذمہ دار مجرموں کو مناسب سزا دی جائے، بین الاقوامی برادری کو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتہا پسند ہندوتواحکومت سے بھارت میں اسلامی ورثے کے مقامات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، بھارتی حکومت کو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔