معاشی بحران: حکومت کا ترقیاتی بجٹ میں 350 ارب روپے کٹوتی پر غور

535

اسلام آباد: حکومت معاشی بحران کے پیش نظر ترقیاتی بجٹ میں 350 ارب روپے کٹوتی پر غور کررہی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے ملک کو درپیش معاشی بحران کے باعث رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں ساڑھے 300 ارب روپے کی کٹوتی کرنے کی تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے تاہم وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تجویز کی مخالفت کی جارہی ہے۔

نیوز چینل نے ذرائع کے حوالے سے موصول اطلاعات کی بنیاد پر رپورٹ میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کے باعث وزارت خزانہ کی جانب سے رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں 48 فیصد کمی پر غور کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب وزارت ترقی و منصوبہ بندی نے فنڈز میں کٹوتی کی مخالفت کردی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی بجٹ میں کمی سے متعلق اختلاف کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم کے پاس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبہ بندی کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 727 ارب روپے مختص تھے۔  پہلے 4 ماہ کے دوران مختص ترقیاتی بجٹ کا صرف 14 فیصد یعنی 98 ارب 78 کروڑ روپے ہی خرچ کیے گئے ہیں۔