ملک پرمسلط مفادپرست قیادت نے عوام کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے، لیاقت بلوچ

259

کراچی:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک پرمسلط مفادپرست اقتدارپرست اورحوس پرست قیادت نے جمہوریت کے نام پرعوام کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ایک دوسرے کوچورکہنے والے مفادپرستوں کا ٹولہ اقتدارکے لیے اکٹھا ہوگیا ہے ان کی نااہلی ولوٹ مارکی وجہ سے نہ صرف ہماری معیشت تباہی کے دہانے پرہے بلکہ لوگ سیاست سے لاتعلق اورعوام کا انتخابات سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی اورمسائل سے نجات کا واحد حل نظام مصطفی ﷺ اوردیانتدارقیادت ہے۔ڈنگ ٹپاؤ ایشوز پر جھگڑوں اور فساد نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ حکومتوں اور مقتدر سیاسی قیادت نے ملک و قوم کے 75 سال غیرذمہ دارانہ رویوں میں گزار دیئے، قومی ترجیحات، سیاسی، جمہوری، قومی استحکام، خودانحصاری اور اسلامی معاشی نظام کے اصولوں پر اقتصادی نظام لانے، قرآن و سنت، آئین و قانون کی بالادستی، قومی وحدت، یکجہتی کے لئے اقدامات، سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور پاپولر لیڈرشپ کی سرشت میں ہی نہیں،لادینی، بے مقصد اور ڈنگ ٹپائو ایشوز پر جھگڑوں اور فساد نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہاکہ  مارشل لاؤں کا تجربہ اور اسٹیبلشمنٹ کی نگرانی میں پاپولر لیڈرشپ کے گرد حکومتی انجینئرڈ نظام ناکام تجربات ثابت ہوئے ہیں،عوام کو مطمئن رکھنے کے لئے اسلامی اقدامات کا اعلان ہوتا ہے لیکن عالمی اور اندرونی مذہب بیدار قوتوں کے سامنے حکمران جھک جاتے ہیں یا بے بس ہوجاتے ہیں،صرف اسلامی ٹچ ہی سب کا حکومتی حل ہے ورنہ نظریاتی، تہذیبی، اخلاقی بربادی مسلط ہورہی ہے۔